اعمال اسماء الحسنیٰ

یا واسع کےاعمال

الواسع

اسم پاک یا واسع اللہ تعالیٰ جل شانہ کے جمالی اسماء میں سے ہے۔ اس کا مطلب ہے وسعت اور کشادگی والا کیونکہ اللہ کی وسعت کی کوئی انتہا نہیں اس لیے اسے واسع کہا جاتا ہے۔ اس کا علم وسیع ، اس کی بادشاہت لا محدود، اس کی عطا کی کوئی حد نہیں، وہ ہر چیز کا مالک ہے، اس کا اقتدار و حکومت لازوال ہے، اس کی نعمتیں بے پناہ ہیں، اس کے انعام واکرام لاتعداد ہیں ، اس کے احسان تمام احسانوں سے عظیم ہیں، اس کی عطا سب کے لیے یکساں ہے۔ وہ ہر جگہ موجود ہے، وہ ہر ایک پر غالب ہے، ہر چیز پر غالب ہے، وہ اپنے حسن و جمال میں یکتا ہے اور جلال میں سب سے بڑھ کر ہے۔ اس کی بزرگی سب سے اعلیٰ ہے، اس کے کمالات قدرت کی کوئی حد یا کنارہ نہیں وہ اپنے نور میں اتنی وسعت رکھتا ہے کہ کوئی اس کو ناپ نہیں سکتا ، وہ اپنی اس صفت کے بناء پر ” واسع“ کہلاتا ہے۔ یہ صفت جمالی ہے اور اس کے اعداد 137 ہیں۔ اس کے موکل کا نام طلحائیل ہے جس کے تحت 4 موکل ہیں جن میں سے ہر موکل 137 صفوں کا سردار ہے، ہر صف میں 137 فرشتے ہیں ۔ جب کوئی شخص اسم مبارک یا واسع کا ورد کرتا ہے تو اس کے مشکل کام آسان ہو جاتے ہیں۔ اللہ تعالی اسے رزق میں کشادگی عطا فرماتا ہے، عمر دراز کرتا ہے، اس کا سینہ کشادہ کرتا ہے اور اسے پڑھنے والے کی ہر مصیبت کو آسان فرما دیتا ہے۔ جو حاکم یا امیر یا واسع کا ورد کرے، اس کی حکومت وسیع ہوتی ہے جو شخص عروج قمر میں مربع لکھ کر سورۃ الفاتحہ پڑھ کر اسم پاک یا واسع کے اعداد کے مطابق ذکر کرے تو اس کے تمام مشکل کام آسان ہو جاتے ہیں۔ مربع سے مراد 16 خانوں کا مربع ہے جس کے ہر ایک خانے میں اہم یا واسع لکھا جائے۔

واسع کا مطلب وسعت اور کشادگی والا ہے چونکہ اللہ کی وسعت کی کوئی انتہا نہیں اس لیے اسے واسع کہا جاتا ہے۔ اگر کوئی شخص ہر صبح نماز فجر کے بعد بغیر کلام کیے 70 بار یا واسِعُ کا ورد کر کے رزق روزی کی تلاش میں نکلے تو اللہ تعالٰی اس کیلئے بہتر معاش کا انتظام فرما دیتا ہے۔ میرے اپنے تجربات میں یہ بات آئی ہے کہ اضافہ رزق کیلئے اس اسم مبارک کا درد بہت مجرب ہے۔ جس شخص نے بھی اسے پڑھنے کا معمول بنایا اللہ تعالیٰ نے اس کے رزق میں اضافہ کر دیا۔ مجھے زندگی میں جو بھی کاملین ملے اکثر نے اس بات کا اظہار فرمایا کہ اس اسم مبارک کو پڑھنے والا کبھی تنگی رزق کا شکار نہ ہوگا۔ عاملین و کاملین کا بیان ہے کہ اسے چالیس یوم تک روزانه 3125 مرتبه اول و آخر درود ابراهیمی گیارہ دفعہ روزانہ پڑھنے سے روزی کے اسباب پیدا ہو جائیں گے۔ ایسا شخص جس کا کوئی ذریعہ معاش نہ ہو تو وہ اسے پڑھے ان شاء اللہ اس کا ذریعہ معاش بہت جلد بن جائے گا ۔ یہ وظیفہ میرا متعدد بار کا تجربہ شدہ ہے۔ جس کو بھی بتایا وہ معاشی خوشحالی سے ہمکنار ہوا۔ اگر کسی شخص کو کوئی زہریلا کیڑایا بچھو وغیرہ کاٹ لے تو اس کیلئے تھوڑے سے پانی میں نمک ڈال کر پانی پر 137 مرتبہ یا واسِعُ پڑھ کر دم کریں اور وہ پانی کاٹے کی جگہ پر بار بار لگاتے رہیں ۔ تو جلد ہی درد کم ہو جائے گا ۔ اور زہریلے اثرات بھی زائل ہو جائیں گے۔

جس عورت کو اٹھرا کا مرض لاحق ہو یا اس کی اولا د زندہ نہ رہتی ہو تو اسے چاہئے کہ حمل ٹھہرنے کے بعد اسم پاک یا واسع کا مربع نقش لکھ کر عورت کی ناف پر باندھے، طہارت اور پاکیزگی کا خیال رکھے اور اس اسم پاک کو روزانہ 137 مرتبہ اول و آخر 7 مرتبہ درود پاک کے ساتھ پڑھ کر اپنی عورت کو پانی دم کر کے پلائے یہاں تک کہ اللہ تعالیٰ جل شانہ کی مہربانی سے اس کے ہاں بچے کی ولادت ہو جائے۔ اس کے بعد وہ نقش جو ماں کی ناف میں بندھا ہوا تھا بچے کی پیدائش سے پہلے اتار لیا جائے اور جب بچہ پیدا ہو تو وہ نقش بچے کے گلے میں ڈال دیا جائے ۔ ان شاء اللہ تعالی اس نام کی برکت سے بچہ زندگی والا ہو گا۔ نہ صرف عمر دراز ہوگی بلکہ وہ نیک اور فرمانبردار بھی ہوگا۔

اسم پاک یا واسع کثرت سے پڑھنے والے کو نہ صرف اللہ تعالی رزق میں کشادگی عطا فرماتا ہے بلکہ اس کے اندر تسخیر خلائق کی صفت بھی پیدا ہو جاتی ہے۔ اگر کوئی شخص مخلوق کو مطیع اور مسخر کرنا چاہتا ہے اور چاہتا ہے کہ وہ عزت اور توقیر کی نظر سے دیکھا جائے تو اسے چاہئے کہ اسم پاک یا واسع 770 مرتبه اول و آخر 7 مرتبہ درود شریف کے ساتھ 70 دن پڑھے۔ اس کے بعد دو نفل شکرانہ ادا کرے اور اس دن روزہ رکھے۔ جب روزہ کھلے تو روزہ کھولتے ہوئے اللہ تعالیٰ کی تسبیح اور حمد کرنے کے بعد دعا کرے کہ اے پروردگار اپنے اس پاک نام کے صدقے مجھے اپنے خاص لطف و کرم سے نواز دے۔ اس کے بعد وہ دیکھے گا کہ اس کی شہرت دور دور تک پھیل جائے گی، جس کو نظر بھر کر دیکھے گا وہ اس کا مطیع اور فرمانبردار ہو جائے گا، امراء اور صاحب اقتدار لوگوں میں وقعت اور عزت کی نظر سے دیکھا جائے گا۔ یہ نام اپنے اندر اتنی خوبیاں رکھتا ہے کہ زندگی کے ہر شعبے اور زندگی کے ہر معاملے میں اس کی دسترس ہے۔ مخلوق کی مدد کرنے کی صلاحیت پیدا ہونا تو اس کا چھوٹا سا کرشمہ ہے۔ جو شخص اسم پاک یا واسع کو 700 مرتبہ روزانہ اول و آخر 7 مرتبہ درود پاک کے ساتھ 40 دن پڑھے عمل ختم ہونے کے بعد اللہ تعالیٰ جل شانہ سے یہ دعا کرے اے اللہ اپنی اس صفت کے صدقے میں مجھے بھی دسترس عطا فرما جو تیرے نام میں پوشیدہ ہے اس اسم میں جہاں تسخیر کی خوبی پائی جاتی ہے وہیں عامل کے لیے دین اور دنیا کی برکتیں بھی اس اسم کا خاصہ ہیں۔ انتہائی مجرب ہے اور راقم نے اسے کبھی خطا ہوتے ہوئے نہیں دیکھا۔

اگر کسی شخص کا کاروبار نہ چلتا ہو اور اسے مسلسل خسارے کا سامنا کرنا پڑ رہا ہو تو وہ بعد نماز جمعہ چند احباب کو اکٹھا کرے اور اپنے کاروبار کی جگہ پر بیٹھ کر 31250 مرتب ذیل کر اس مبارک یا واسع کو پڑھے۔ یہ عمل مسلسل 4 جمعے کرتا ہے جب 4 جمعے مکمل ہو جائیں تو اللہ تعالیٰ جل شانہ کے حضور وکان یا کاروبار کی ترقی کے لیے دعا کریں اور کاروبار میں اپنی جدو جہد کریں ۔ ان شاء اللہ کا روبار میں ترقی ہوگی اور پریشانی ختم ہو جائے گی ۔

یہ وظیفہ اضافہ رزق کے لیے بہت مؤثر ہے اور جس شخص نے بھی اسم پاک یا واسع کو پڑھنے کا معمول بنا لیا اللہ تعالیٰ جل شانہ نے اس کے رزق میں اضافہ کر دیا۔ اس اسم کے بارے میں اکثر عاملین اور کاملین نے فرمایا ہے کہ اس کا ذکر کرنے والا کبھی بھی تنگی رزق کا شکار نہ ہوگا۔ میرے نانا پیر فضل شاہ قادری قلندری کا قول ہے کہ اگر کوئی شخص اسم پاک یا واسع کو 40 دن تک اول و آخر 7 مرتبہ درود ابراہیمی کے ساتھ 3125 مرتبہ پڑھے تو غیب سے روزی کے سامان پیدا ہوں گے اور اگر کسی کا ذریعہ معاش نہ ہو تو ان شاء اللہ اس عمل کی مداومت کرنے سے اس کے لئے روزگار کا ذریعہ بھی پیدا ہو جاتا ہے۔ اگر کوئی شخص اپنے رزق میں وسعت چاہتا ہو تو اس عمل کو 21 دن کرے اور اگر نتائج نہ آئیں تو مسلسل پڑھتار ہے یہاں تک کہ حسب منشاء اس کے رزق میں اضافہ نہ ہو جائے۔

اگر کوئی شخص کسی دشمن سے خائف ہو اور اسے یہ بھی ڈر ہو کہ وہ اسے نقصان پہنچائے گا کہ اس کی پہنچ دور تک ہے اور شر انگیزی اس کا خاصہ ہے تو وہ اسم پاک یا واسع کو
روزانہ 313 مرتبہ اول و آخر 7 مرتبہ درود پاک کے ساتھ 11 دن تک پڑھے اگر 11 ون تک دشمن زیر نہ ہو تو مزید 11 دن پڑھے۔ ان شاء اللہ اس پاک نام کی برکت سے دشمن نہ صرف زیر ہوگا بلکہ آئندہ بھی شر انگیزی سے باز رہے گا۔ اگر وہ کوئی نقصان پہنچانا چاہے تو کامیاب نہ ہوگا ، دشمن کو دوست بنانا اس اسم کا خاصہ ہے۔

جو شخص مشکلات میں گھر اہو اور نکلنے کی کوئی صورت نظر نہ آتی ہو وہ اسم پاک یا واسع 707 مرتبه اول و آخر 21 مرتبہ درود ابراہیمی کے ساتھ 40 دن تک پڑھے۔ 40 دن پڑھنے کے بعد اسی جگہ بیٹھ کر اس کا مربع نقش لکھے۔ اس نقش کو گلے یا سیدھے بازو میں پہن لے۔ ان شاء اللہ اس کی مشکلات یوں دور ہوں گی جیسے کبھی تھیں ہی نہیں۔ عمل کے خاتمہ کے بعد دو نفل شکرانہ ادا کرنا ضروری ہے اور اس کے بعد اس اسم مبارک کا ورد روزانہ 7 مرتبہ کرتا رہے مشکلات ہمیشہ اس سے پرے رہیں گی۔

اگر کوئی طالب علم حصول علم میں یادداشت کی کمی کا شکار ہو اور سبق یاد نہ ہوتا ہو تو اسے چاہئے کہ پانچ وقت کی نماز ادا کرے اور ہر نماز کے بعد 31 مرتبہ اسم پاک یا واسع پڑھ کر پانی پر دم کرے اور وہ پانی پی لے۔ اول و آخر 7 مرتبہ درود شریف پڑھنا ضروری ہے۔ اس عمل کی مدت 40 دن ہے۔ 40 دن کے بعد طالب علم کے سینے میں کشادگی پیدا ہو جائے گی اور اس کو سبق یاد ہونے لگے گا۔ امتحان میں نا کامی نہ ہوگی، ہمیشہ کامیاب ہوگا اور کامیابی بھی اس طرح کی ہوگی کہ اس کی کامیابی اس کی وجہ شہرت بن جائے گی۔

جو شخص یا واسع کا عامل بننا چاہے وہ پانچ وقت نماز ادا کرے، بعد از نماز عشاء 2100 مرتبہ یا واسع کو اول و آخر 7 مرتبہ درود پاک کے ساتھ پڑھے۔ 40 دن پڑھنے کے بعد اسی جگہ پر شکرانے کے دو نفل پڑھے اور وہیں بیٹھ کر زعفران اور عرق گلاب سے یا واسع کو ایک سفید کاغذ پر بسم اللہ کے بعد 101 مرتبہ لکھے اس کے بعد وہ شخص اسم پاک کا عامل ہو جائے گا۔ عامل بنے کے بعد روزانہ ایک تسبیح اول و آخر تین مرتبہ درود پاک کے ساتھ پڑھنا معمول بنا لے پھر جس شخص کو بھی اور جس شخص کو ورڈ نقش دے گا اسے کامیابی ہو گی۔